
اسلام آباد ۔ 21 نومبر (اے پی پی) خاتم النبین حضرت محمد ﷺکی ولادت با سعادت کی خوشی میں ملک بھر میں جشن میلادالنبی مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاوراورکوئٹہ سمیت تمام شہروں اور قصبوں میں جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں۔ گلی کوچے برقی قمقموں سے روشن ہوگئے جس سے ہر جانب نور کا سماں تھا۔ سرکاری اور نجی عمارتوں پر چراغاں کیا گیا۔ شہر شہر، قریہ قریہ درود وسلام کی محافل کا انعقاد کیا گےا۔ علماءکرام اور مشائخ عظام نے آپﷺ کی سیرت مبارکہ اوراسوہ حسنہ کی پیروی پر روشنی ڈالی۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریبات میں نبی کریم کی بارگاہ رسالت میں عقیدت کے نذرانے پیش کیے گئے۔ جشن عید میلاد النبی کے سلسلہ میں خواتین اور بچوں نے خصوصی تیاریاں کی ہیں، گھروں کو سجانے، خصوصی کھانوں کے اہتمام سمیت نئے ملبوسات کی تیاری اور خصوصی محافل کاانعقاد بھی کیا گیا۔ بچوںکو عید میلاد النبیکے موقع پر خصوصی تیاری کروائی جارہی ہے تاکہ آنے والی نسل کو نبیکی تعلیمات سے روشناس کروایا جاسکے۔ 12 ربیع الاول کے موقع پر خصوصی تیاریاں کی گئی ہیں ۔