خاتون جج دھمکی کیس ، عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری

170
خاتون جج دھمکی کیس ، عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد کےجوڈیشل مجسٹریٹ نے خاتون جج اور اعلیٰ پولیس افسران کے بارے میں دھمکی آمیز بیان سے متعلق کیس میں مسلسل غیر حاضر ی پرپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ رانا مجاہد رحیم کی عدالت نے کیس میں عمران خان کو متعدد بار طلب کیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔ جس پر ان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔عدالت نے ایس ایچ او مارگلہ تھانے کو حکم دیا کہ ملزم عمران خان نیازی ولد اکرام اللہ نیازی کو گرفتار کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے۔

واضح رہے کہ وفاقی پولیس نے 20 اگست کو خاتون جج زیبا چوہدری اور اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کو دھمکیاں دینے پر عمران خان کے خلاف دفعہ 504/506 اور 188/189 کے تحت ایف آئی آر نمبر 407 درج کی تھی۔تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایت پر ایف آئی آر سے انسداد دہشت گردی ایکٹ ( اے ٹی اے) کی شقیں ہٹا دی گئیں۔

اسلام آباد ہاءیکورٹ کے فیصلے کے بعد کیس کو انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) سے ضلعی عدالت میں منتقل کر دیا گیا تھا۔