خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان پتے کے کامیاب آپریشن کے بعد آرام کی غرض سے نیوم پہنچ گئے

85

ریاض۔ 13اگست (اے پی پی) سعودی عرب کے شاہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان پتے کے کامیاب آپریشن کے بعد آرام کی غرض سے بحیرہ احمر کے قریب واقع سعودی شہر نیوم پہنچ گئے ہیں جہاں وہ مکمل صحتیابی تک کچھ وقت گزاریں گے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے نے سعودی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا کہ 84 سالہ شاہ سلمان پتے کے کامیاب آپریشن کے بعد مکمل صحتیابی تک کچھ وقت نیوم میں گزاریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ خادم الحرمین الشریفین کی صحت پہلے سے بہت بہتر ہے جبکہ سرکاری ٹیلی ویژن نے انھیں جہاز سے اترتے ہوئے بھی دکھایا ہے۔حکام کا کہنا تھا کہ خادم الحرمین الشریفین کی میڈیا کوریج کے بعد ان کی صحت کے حوالے سامنے آنے والی افواہیں بھی دم توڑ جائیں گی۔شاہ سلمان 2015 ءسے دنیا کے سب سے بڑے خام تیل کے برآمد کنندہ اور خلیج کی سب سے بڑی معیشت سعودی عرب پر حکمران ہیں۔ان کے دور میں ملک میں بڑے پیمانے پر اصلاحاتی عمل کے ساتھ ساتھ ملکی ترقی کے لیے وسیع تر اقدامات کیے گئے ہیں۔یاد رہے کہ سعودی شاہی خاندان روایتی طور پر گرمیوں میں مراکش اور دیگر یورپی مقامات میں گزارتا ہے۔