ریاض۔10اگست (اے پی پی):خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے مکہ مکرمہ اسلامی کانفرنس کے انعقاد کی منظوری دےدی ۔ سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق وزارت اسلامی امور، دعوت وارشاد کے تحت اسلامی کانفرنس کا انعقاد 26 اور27 محرم کو ہوگا۔جس میں 85 ممالک سے تعلق رکھنے والے 150 عالم دین،مفتیان کرام اور اسلامی محققین شریک ہوں گے۔شرکا کا تعلق مختلف ممالک کی اسلامی وزارتوں کے علاوہ مکاتب فکر اور دار الافتا کے علاوہ یونیورسٹیز سے ہوگا
۔2 روزہ کانفرنس میں 7 سیشن ہوں گے جن میں شرکا وسطیت، غلو، رواداری اور باہمی برداشت کے علاوہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔کانفرنس کا مقصد مختلف ممالک کے علما اور مفتیان کے علاوہ مکاتب فکر اور محققین کے درمیان رابطہ قائم کرنا ہے۔کانفرنس کے ذریعہ دنیا کا اسلام کی وسطیت اور اعتدال کا پیغام دیا جائے گا ۔ علاوہ ازیں مسلم امہ کے درمیان محبت اور یکجہتی کے تعلق کو فروغ دیا جائے گا۔