اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) سکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے کہا ہے کہ خصوصی اور معذور کھلاڑی بھی معاشرے ایک حصہ ہیں ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہمارا سب کا فرض ہے، گذشتہ روز پشاور میں جاری نیشنل سپیشل گیمز کی افتتاحی تقریب کے بعد سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحت مند افراد کی طرح خصوصی اور معذور کھلاڑیوں کے لئے ایسے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے ان مقابلوں سے خصوصی اور معذور کھلاڑیوں کو بہت حوصلہ ملتا ہے اور پھر یہ کھلاڑی کسی ذہنی دباؤ کا شکار نہیں ہوتے، دس سال تک دنیا پر سکواش کے میدان میں حکمرانی کرنے والے چیمپئن اور قومی ہیرو جان شیر خان نے کہا کہ ہمارے خصوصی اور معذور کھلاڑیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور ان کھلاڑیوں نے کئی بین الاقوامی سطح پر میڈلز حاصل کرکے ملک کا نام روشن کیا ہے اور اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے حکومت کو کوئی ٹھوس اقدامات اٹھانے ہونگے اور اس کے ساتھ ساتھ سپانسر کو بھی ان کی حوصلہ افزائی کرنی ہوگی، انہوں نے کہا کہ سپیشل طلبا و طالبات کے تعلیمی اداروں میں بھی کھیلوں کے انعقاد کو باقاعدگی سے یقینی بنانے کی ضرورت ہے تاکہ یہ بھی دوسروں کی طرح اپنی خوشیوں میں شریک ہو سکیں، انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے کھیلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے اس سے صحت مند معاشرہ بھی جنم لیتا ہے، تین روز تک جاری رہنے والی ان گیمز میں ملک بھر سے 700 سے زائد مردوخواتین کھلاڑی44 مختلف گیمز میں شرکت کررہے ہیں، جن میں کرکٹ، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی، اتھلیٹکس، وہیل چیئر ریس، ڈسکس تھرو، وہیل چیئر کرکٹ، سٹینڈنگ کرکٹ، ڈسکس تھرو وہیل چیئر، جیولن تھرو، شاٹ پٹ، پاور لفٹنگ، باڈی بلڈنگ، آرچری، ووڈ بال، بوس گیمز، وہیل چیئر باسکٹ بال اور ان ہی گیمز میں دیگر مختلف ایونٹس بھی شامل ہیں، ان گیمزمیں سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان ،آزاد جموں و کشمیر سے کھلاڑی بھر پور انداز میں شرکت کررہے ہیں۔