خصوصی بچوں کی منفرد صلاحیتوں کو پہچاننے اور مزید نکھارنے کیلئے ماہرین تعلیم کی تربیت کی ضرورت ہے، خاتون اول بیگم ثمینہ علوی

144
First Lady Begum Samina Alvi
First Lady Begum Samina Alvi

اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ خصوصی بچوں کی منفرد صلاحیتوں کو پہچاننے اور مزید نکھارنے کیلئے ماہرین تعلیم کی تربیت کی ضرورت ہے، اساتذہ منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کی صلاحیت پر توجہ دیں، خصوصی بچوں کو تفریحی سہولیات، سماجی اجتماعات اور روزگار کے مواقع تک مساوی رسائی دی جائے۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سولٹن ٹیکنالوجیز اور سِمنز یونیورسٹی امریکا کے باہمی تعاون سے منعقدہ ورچوئل تربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کی جامع تعلیم پر اساتذہ کیلئے آن لائن تربیتی سیشن قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کو مرکزی دھارے کے تعلیمی اداروں میں جامع تعلیم دینے کی ضرورت ہے۔ بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ تمام طلباء کو ان کی صلاحیتوں سے قطع نظر جامع تعلیمی ماحول کی فراہمی سب کی ذمہ داری ہے اور ہمارے تعلیمی نظام کو ہر بچے کی متنوع ضروریات کو پورا کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کی معذوری سے قطع نظر ان کو سیکھنے، آگے بڑھنے اور پھلنے پھولنے کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔ خاتون اول نے کہا کہ تربیتی پروگرامز سے اساتذہ کو خصوصی بچوں کیلئے مناسب تدریسی طریقہ کار کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہتر تربیت یافتہ اساتذہ تمام طلباء کی شمولیت کے فروغ کیلئے ماحول پیدا کر سکتے ہیں۔

خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے خصوصی بچوں کی منفرد صلاحیتوں کو پہچاننے اور ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کیلئے ماہرین تعلیم کی تربیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اساتذہ کو منفرد صلاحیتوں کے حامل بچوں کی صلاحیت پر توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ شراکتدار پاکستان میں جامع تعلیم نافذ کرنے کیلئے مل کر اقدامات کریں۔ خاتون اول نے کہا کہ خصوصی بچوں کو تفریحی سہولیات، سماجی اجتماعات اور روزگار کے مواقع تک مساوی رسائی دی جائے۔ واضح رہے کہ تربیتی سیشن میں پاکستان بھر سے 200 سے زائد اساتذہ نے شرکت کی ہے۔ سِمنز یونیورسٹی کی پروگرام ڈائریکٹر پروفیسر کرسٹین ایونز نے اساتذہ کو تربیت فراہم کی ہے۔