خضدار زیرو پوائنٹ پر اسکول بس پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں چار معصوم بچے شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان

46

کوئٹہ۔ 21 مئی (اے پی پی):خضدار کے علاقے زیرو پوائنٹ پر سکول بس پر حملے کے دلخراش واقعے پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے شدید رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کی ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا ایک سفاکانہ، غیر انسانی اور ناقابل معافی جرم ہےجو کسی بھی مہذب اور انسان دوست معاشرے میں قابل قبول نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ایسی درندگی نہ صرف ملکی امن و امان کو تہہ و بالا کرتی ہے بلکہ معصوم والدین کے دلوں پر ایسے زخم چھوڑ جاتی ہے جو کبھی نہیں بھرتے، دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں اور ان کا کسی مذہب، قوم یا نظریے سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے مؤثر اور ہمہ جہت اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے واقعے میں شہید ہونے والے بچوں کے والدین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس غم کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے،زخمی بچوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے سیدال خان نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری مالی امداد فراہم کی جائے اور زخمی بچوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات دی جائیں۔

یہ واقعہ ایک بار پھر اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی اور مؤثر حکومتی اقدامات کس قدر اہم ہیں۔