کوئٹہ۔ 02 مئی (اے پی پی):سابق نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشیدگی کا تسلسل نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے لیے نقصان دہ ہے۔
اپنے جاری ایک بیان میں سابق وزیر اعلیٰ میر علی مردان ڈومکی نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے جو ہمیشہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی ذرائع کو ترجیح دیتا آیا ہے تاہم اگر ملکی خودمختاری یا سلامتی کو کوئی خطرہ درپیش ہو تو پاکستان کی عوام اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو ہمہ وقت تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج مکمل طور پر مستعد اور ہمہ وقت چوکنا ہیں اور پوری قوم دفاع وطن کے لئے افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور یہ بات واضح ہے کہ وطن عزیز کی سالمیت، وقار اور خودمختاری کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ سابق وزیر اعلیٰ میر علی مردان ڈومکی نے کہا کہ موجودہ حالات میں دانش مندی، بردباری اور تدبر کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ جنوبی ایشیا کے عوام کو امن ترقی اور خوشحالی کا ماحول میسر آ سکے۔ انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ کشیدگی کم کرانے میں مثبت کردار ادا کرے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591461