خواتین نے قیام پاکستان سے لیکر تعمیر پاکستان تک ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کاخواتین کے عالمی دن کے موقع پرپیغام

156
گورنر پنجاب

لاہور۔7مارچ (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملک و قوم کی ترقی و استحکام کے لئے ہر شعبے میں کام کرنے والی خواتین کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ہمارے مذہب اسلام نے زمانہ جاہلیت میں عورتوں کو اس وقت عزت،مقام اور حقوق دیئے جب بیٹیوں کو پیدا ہوتے ہی زندہ دفن کر دیا جاتا تھا۔باعث فخر ہے کہ آج ملک کے ہر ادارے میں خواتین کی نمائندگی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے خواتین کی ترقی، انہیں تحفظ دینے اور انہیں معاشرتی اور معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لئے موثر قانون سازی کی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بطور چانسلر انہوں نے جو07 شعبوں میں کنسورشیم بنائے ہیں ان میں سے ایک ویمن ایمپاورمنٹ پر ہے جس کا مقصد حکومت کو سفارشات بھیجنا اور ایسی پالیسیاں بنانے میں مدد کرنا ہے جن سے خواتین کو تعلیم یافتہ اور با اختیار بنا کر انہیں ترقی کے دھارے میں شامل کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ با اختیار خواتین مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنتی ہیں اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ آج کا دن منانے کا مقصد ان تمام باہمت خواتین کو سلام پیش کرنا ہے جو اپنی اپنی جگہ معاشرے کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہی ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ان باہمت خواتین کو آگے بڑھنے کے لیے ساز گار ماحول اور مواقع فراہم کریں گے ۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کشمیری مائوں، بہنوں اور بیٹیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھاری فوج کے ظلم و ستم کا شکار ہیں اور جرات و بہادری کی تاریخ رقم کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین نے قیام پاکستان سے لیکر تعمیر پاکستان تک ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔