خواتین پر تشدد کے خلاف عالمی دن کے حوالے سے غزہ میں خواتین اور بچوں کے حقوق کی پامالی کے متعلق کانفرنس کا انعقاد

195
خواتین پر تشدد کے خلاف عالمی دن کے حوالے سے غزہ میں خواتین اور بچوں کے حقوق کی پامالی کے متعلق کانفرنس کا انعقاد

پشاور۔ 28 نومبر (اے پی پی):خانہ فرہنگ جمہوریہ اسلامی ایران پشاور میں خواتین پر تشدد کے خلاف عالمی دن کے حوالے سے غزہ میں خواتین اور بچوں کے حقوق کی پامالی کے متعلق کانفرنس کا انعقاد ہوا ۔ کانفرنس کے میزبان اور خانہ فرہنگ جمہوریہ اسلامی ایران پشاور کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حسین چاقمی نےخطاب کرتے ہوئے کہاکہ فلسطینی ماؤں نے حضرت فاطمؓہ کی سیرت کو اپنا اسوہ قرار دیتے ہوئے صبر اور استقامت سے کام لیا ہے،کانفرنس میں شریک پاکستانی مائیں غزہ کی ماؤں کا دکھ درد محسوس کررہی ہیں اور یہ مائیں آج ان کےساتھ غم بانٹنے اور غزہ کی ماؤں کی آوازبننےکے لئے جمع ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مغرب کے لئے خواتین کے حقوق جنسی، جسمانی اور ذہنی ہراسگی سے بڑھ کر کچھ نہیں۔غزہ کی خواتین پر دوسرے پر تشدد جہات ہیں جن پر مغربی میڈیا خاموش تماشائی ہے ۔کانفرنس میں شریک نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ثمر بلورنے غزہ کی مظلوم عوام کےساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا میں اس کانفرنس میں ایک ماں کی حیثیت سے شریک ہوئی ہوں، ہمیں ہر سطح پر غزہ کی مظلوم ماؤں کی آواز کو بلند کرنا ہے،غزہ میں جاری ظلم و بربریت سے اسرائیل کا ظالمانہ چہرہ دنیا پر عیاں ہوگیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم غزہ کی مظلوم ماؤں کے ساتھ بھر پور اظہار ہمدردی کرتے ہیں اور ان کے حامی ہیں۔کانفرنس کے دیگر مقررین میں صوبائی محتسبہ رخشندہ ناز، روبینہ معین نگران منہاج القرآن ویمن لیگ خیبرپختونخوا، جماعت اسلامی حلقہ خواتین خیبر پختونخوا کی ناظمہ بلقیس مراد، نسیم نقوی، ثمینہ قادر اور دیگر معززین شامل تھے۔ جنہوں نے اپنے بیانات میں غزہ میں خواتین پر ظلم اور تشدد، وہاں پر جاری نسل کشی، خواتین اور بچوں کے حقوق کی پامالی کے مختلف جہات اور مسئلہ فلسطین پر روشنی ڈالی۔