لاہور۔6مارچ (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نےایس پی انویسٹی گیشن سٹی ڈویژن لاہور کے دفتر کا دورہ کیا اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا ۔ ترجمان کے مطابق ایس پی منزہ کرامت نے آئی جی پنجاب کو دفتر کی صورتحال، دستیاب ہیومن ریسورسز اور سہولیات بارے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی، ایس پی آپریشنز علی رضا اور ایس پی انویسٹی گیشن سٹی ڈویژن منزہ کرامت سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
آئی جی پنجاب نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب کے احکامات کے تحت خواتین پولیس افسران کے دفاتر کو جدید وسائل سے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے ، پنجاب پولیس کی خواتین افسران اور اہلکاروں کو ماڈرن پولیسنگ وسائل اور جدید ٹریننگ سے مزید بااختیار بنائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیم یافتہ خواتین افسران و اہلکار خواتین شہریوں کو سروس ڈلیوری کی باآسان فراہمی یقینی بنا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ صنفی جرائم کی روک تھام اور مجرموں کو قرار واقعی سزائیں دلوانے کے لئے ترجیحی اقدامات میں تیزی لائی گئی ہے۔