اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے کہا ہے کہ خواتین کو ترقی اور حقوق دیئے بغیر ملک اور معاشرے کی ترقی ناممکن ہے، وزارت انسانی حقوق کو تمام طبقات بالخصوص خواتین کی مشکلات کا بخوبی ادارک بھی ہے اور اس کا احساس بھی ہے، ہماری بھر پور کوشش ہے کہ ہم ان کے مسائل میں نہ صرف کمی لائیں بلکہ بنیادی حقوق کا تحفظ بھی کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہیلپ لائن 1099 کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
نگران وفاقی وزیر خلیل جارج نے کہا ہے کہ ہماری ہیلپ لائن 1099 گزشتہ سات سالوں سے دن رات کام کر رہی ہے اور اب تک ہزاروں خواتین کے مسائل کو متعلقہ اداروں تک پہنچا کر ان کے حل کی کوششیں کر رہی ہے اور آج کی یہ تقریب اس لیے منعقد کی گئی ہے کہ ہیلپ لائن کے حوالے سے آگاہی گھر گھر تک پہنچائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی پاسداری ہم سب کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں ہم سب نے اکھٹے ہو کر کام کرنا ہے تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیومن رائٹس عبدالستار نے کہا کہ وزارت انسانی حقوق ہمیشہ سے انسانی حقوق کی پاسداری کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں کو نہایت سنجیدگی سے لیتی ہے اور اس سلسلے میں نہ صرف مختلف کمیشن کا قیام عمل میں لائی ہے بلکہ بہت سارے اور ادارے بھی کھولے ہیں جن سے خواتین، بچوں اور معاشرے کے دیگر کمزور طبقات کو مدد فراہم کی جاتی ہے۔
ڈائریکٹر ایس ایس ڈی او نے اپنے ادارے کے بچوں اور خواتین کے حوالے سے کیے گئے اقدامات سے حاضرین کو آگاہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حقوق کے حوالے سے حکومتی اداروں سے ملکر اقدامات کیے جائیں گے کیونکہ ہم نے بحیثیت معاشرہ انسانی حقوق کی پاسداری کر یقینی بنانا ہے۔ڈائریکٹر ہیلپ لائن اور زارا ایجنسی محمد کاشف کمال نے اس موقع پر تمام مہمان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہیلپ لائن 1099 مفت قانونی مشاورت کے ساتھ ساتھ دیگر اداروں تک رسائی کو ممکن بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک اس ہیلپ لائن پر 15 لاکھ سے زائد کالیں آ چکی ہیں جبکہ 54 ہزار سے زائد کیسز میں مدد فراہم کی گئی ہے ، 40 ہزار سے زائد فالو اپ کالز بھی کی گئی ہیں۔ تقریب کے اختتام میں ڈائریکٹر جنرل زارا اور ہیلپ لائن 1099 ڈاکٹر جہانزیب خان نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔