خواتین کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ، وسائل اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے، سیکرٹری جنرل پاکستان نیٹ بال فیڈریشن

160

اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد ریاض نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین میں نیٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ، خواتین کھلاڑیوں کو وسائل اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام کراچی میں پی این ایف گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ جاری ہے جس میں 40 سے زائد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

اس میگا ایونٹ میں پانچ گرلز اور ایک مینز کیٹگری کا مقابلہ رکھا گیا ہے جن میں گرلز انڈر 13، گرلز انڈر 15، گرلز انڈر 17، گرلز انڈر 19 اور خواتین کے اوپن مقابلے شامل ہیں جبکہ مردوں کے اوپن مقابلے بھی شامل ہیں۔ فائنل مقابلے 21 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جس کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فیڈریشن گراس روٹ لیول پر نیٹ بال کے فروغ کے لئے اقدامات کررہی ہے اور تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات نیٹ بال کے کھیل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔