خواتین کی صحت و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ ترقی نسواں اور محکمہ صحت کے درمیان اشتراک وقت کی ضرورت ہے، مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ بلیدی

48

کوئٹہ۔ 08 فروری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ خواتین کی صحت و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ ترقی نسواں اور محکمہ صحت کے درمیان اشتراک وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات ہفتہ کو ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان ڈاکٹر امین خان مندوخیل سے ملاقات کے دوران کہی۔ملاقات میں دونوں محکموں کے درمیان شعبہ صحت میں خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے جوائنٹ وینچر کے قیام پر اتفاق کیا گیا جس کے تحت مختلف منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ صحت مند خواتین ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد ہیں

اور صوبائی حکومت خواتین کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے لیے خصوصی فیسیلیٹیشن سینٹرز قائم کیے جائیں گے جہاں انہیں طبی رہنمائی، صحت سے متعلق سہولیات اور آگاہی فراہم کی جائے گی۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ محکمہ ترقی نسواں کی جانب سے جلد ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے جائیں گے تاکہ اس اشتراک کو باضابطہ شکل دی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان کی خواتین کو صحت کے حوالے سے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ ایک خوشحال اور صحتمند زندگی گزار سکیں۔