اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ خواتین کے کاروباری ادارے معاشی ترقی کیلئے ضروری ہیں اور ہماری حکومت مالیات تک رسائی اور مختلف اقدامات کے ذریعے خواتین کے کاروبار کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے متعدد اقدامات کر رہی ہے ۔ ہفتہ کو اپنے ٹویٹس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروباری خواتین قرضوں کے حصول کی خواہمشند ہیں اور سٹیٹ بنیک آف پاکستان نے اس حوالے سے ایک خصوصی سکیم متعارف کروائی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی خواتین کے کاروباری اداروں کیلئے ری فنانس سکیم کے تحت صفر شرح سود پر ایس بی پی فنڈ فراہم کر رہا ہے ۔ جس کے تحت بینک خواتین کے کاروبار کیلئے زیادہ سے زیادہ پانچ ملین روپے کا قرضہ پانچ فیصد کی شرح سود اور آسان شرائط پر کاروباری خواتین کو فراہم کر رہے ہیں، جن کی 60فیصد رسک کوریج سٹیٹ بینک کر تا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ ہماری خواتین اس موقع سے فائدہ اٹھائیں گی اور قوم معیشت کے مختلف شعبوں میں اپنے کاروبار قائم کریں گی۔