خواجہ سرائوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کرکے مفید شہری بنایا جا سکتا ہے ،وفاقی وزیر تعلیم

146
رانا تنویر حسین

اسلام آباد۔25جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ تعلیم ہر فرد کا حق ہے، خواجہ سرائوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کرکے ان کو بھی ایک مفید شہری بنایا جا سکتا ہے جو کہ ملکی ترقی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو خواجہ سرا (ٹرانس جینڈر) کے لئے جامع تعلیمی مرکز کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے سنٹر افتتاح خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ریاست کے کسی بھی دوسرے رکن کی طرح تعلیم حاصل کرنا خواجہ سرائوں کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطع نظر جنس، نسل اور مذہب کے تعلیم ہر فرد کو دی جانی چاہئے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ خواجہ سرابھی تعلیم حاصل کرکے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ سرا (ٹرانس جینڈر) کے لئے جامع تعلیمی مرکز ایک مزید جامع اور مساوی معاشرے کی تعمیر کی جانب ایک جرأت مندانہ قدم ہے جہاں ہر فرد کو ترقی کی منازل طے کرنے اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام سٹیک ہولڈرز بشمول سرکاری اداروں، نجی شعبے کے اداروں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کی حمایت اور تعاون کے خواہاں ہیں تاکہ اس عظیم کوشش کی کامیابی اور پائیداری کو یقینی بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے نیشنل ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کا اس پراجیکٹ کو حقیقت بنانے میں ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مستقبل میں ایک مکمل باضابطہ تعلیمی ادارہ قائم کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ۔ انہوں نے خواجہ سراؤں کے لئے معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لئے پیشہ وارانہ مہارتوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ سیکرٹری وزارت وفاقی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت وسیم اجمل چوہدری نے 5 سے 16 سال کی عمر کے بچوں کو تعلیم دینے کی حکومت کی ذمہ داری پر روشنی ڈالی ۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ٹرانس جینڈر افراد کو بنیادی تعلیم فراہم کرے گا، بعد ازاں انہیں ضروری ہنر حاصل کرنے کے لئے پیشہ وارانہ تربیت کے اداروں سے بھی منسلک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے ٹرانس جینڈر کو اعزازایہ بھی دیا جائے گا۔

نیشنل ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی منیجنگ ڈائریکٹر طاہرہ ایس شیخ نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور سیکرٹری وزارت وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت وسیم اجمل چوہدری کا ان کے وژن اور غیر متزلزل تعاون پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ٹرانس جینڈر حقوق کی کارکن نایاب علی اور مس صبا گل نے بھی اس اہم اقدام کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز اور حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔