اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):ملک کی خوردنی تیل کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سالانہ بنیاد پر 33.08 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے اکتوبر 2023 تک 86335 میٹرک ٹن سویا بین آئل کی درآمد پر 74.766 ملین ڈالر زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 33.08 فیصد کم ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 77905 میٹرک ٹن سویا بین آئل کی درآمد پر 1011.732 ملین ڈالر زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔ اکتوبر میں 16510 میٹرک ٹن سویا بین آئل درآمد کیاگیا جو ستمبر کے مقابلے میں 49فیصد کم ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سا ل کے پہلے 4 ماہ میں 1.016 ملین ٹن پام آئل کی درآمد پر 964.29 ملین ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 31.45 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 948457 میٹرک ٹن پام آئل کی درآمد پر 1.406 ارب ڈالر زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=413850