خوشحال، ترقی یافتہ اور فلاحی معاشرے کے لئے آبادی کی درست سمت میں منصوبہ بندی، بچوں اور ان کی مائوں کی ذہنی اور جسمانی صحت کو یقینی بنانا ناگزیر ہو چکا ہے صدر آزاد و کشمیر سردار مسعود خان کی پاتھ فائنڈر انٹرنیشنل کے وفد سے گفتگو

47
بھارت کے ظلم و جبر کے باوجود مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام حق خودارادیت کی تحریک جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں، سردار مسعود خان
بھارت کے ظلم و جبر کے باوجود مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام حق خودارادیت کی تحریک جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں، سردار مسعود خان

اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):صدر آزاد کشمیر صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کو ایک خوشحال، ترقی یافتہ اور فلاحی معاشرے میں تبدیل کرنے کے لئے آبادی کی درست سمت میں منصوبہ بندی، بچوں اور ان کی مائوں کی ذہنی اور جسمانی صحت کو یقینی بنانا ناگزیر ہو چکا ہے۔ آزاد کشمیر کے وزیر برائے بہبود آبادی ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی کی قیادت میں بین الاقوامی تنظیم پاتھ فائنڈر انٹرنیشنل کے ایک سات رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں بڑھتی ہوئی آبادی اور محدود وسائل کی وجہ سے ترقی کے عمل میں رکاوٹیں اور بعض گھمبیر مسائل پیدا ہو رہے ہیں جن کا حل آبادی کی درست منصوبہ بندی میں مضمر ہے۔ وفد میں وزیر بہبود آبادی کے علاوہ پاتھ فائنڈر انٹرنیشنل کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر تابندہ سروش اور آزاد کشمیر کے سیکرٹری بہبود آبادی راجہ محمد رزاق بھی شامل تھے۔ صدر سردار مسعود خان نے پاتھ فائنڈر انٹر نیشنل اور حکومت آزاد کشمیر کے درمیان آزاد کشمیر میں ماں اور بچے کی صحت اور خوراک کے بارے میں درست معلومات اور آگاہی مہم چلانے کے لئے مفاہمت کی یادداشت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ درست سمت میں بر وقت اقدام ہے کیونکہ کسی بھی ملک اور ریاست کے تعلیم و تربیت اور اس کی ترقی کے لئے موزوں افرادی قوت ہی اس ریاست کا سرمایہ ہوتی ہے اور یہ مقصد آبادی پر کنٹرول اور درست منصوبہ بندی کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی بھی ایک رکاوٹ ہے جس پر درست اقدامات سے قابو پانا ضروری ہے اور اس لئے یہ ریاستی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور صدارتی سیکرٹریٹ اس سلسلہ میں تمام متعلقہ محکموں اور ذمہ داران سے بھر پور تعاون کرے گا۔ قبل ازیں وفد کے ارکان نے صدر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاتھ فائنڈر ایک بین الاقوامی تنظیم ہے جو گزشتہ چھ دہائیوں سے دنیا کے مختلف ممالک میں جنسی اور تولیدی صحت کے حوالے سے خواتین کے حقوق کے لئے کام کر رہی ہے۔ تنظیم نے حال ہی میں آزاد کشمیر میں خواتین کے اندر تولیدی صحت اور ماں اور بچے کی صحت اور خوراک کے حوالے سے ایک منظم مہم چلانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے تھے جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیر برائے بہبود آبادی بھی موجود تھے۔ پاتھ فائنڈر انٹر نیشنل اس مہم کے دوران نو مولود بچوں اور ان کی مائوں کی صحت اور خوراک پر توجہ مرکوز رکھے گی جبکہ اس پروگرام کی تیاری اور تدوین میں آزاد کشمیر کے بہبود آبادی کے محکمہ کی مکمل مشاورت شامل تھی۔ اس پروگرام کے تحت سروس ڈیلوری کے آفیسران اور اہلکاران کو جدید تربیت دینے کے علاوہ ورچوئل اور کمیونیکشن رکاوٹوں پر قابو پانے پر توجہ دی جائے گی۔