
پشاور۔ 20 مئی (اے پی پی):خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ مافیا کے خلاف صوبہ بھر میں کارروائیاں جاری ہیں ،اس سلسلے میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاور،چارسدہ اور لوئر دیرمیں خوردونوش اشیاء کے معائنے کیے اور سینکڑوں لٹرز جعلی اورمضر صحت مشروبات اور غیر معیاری و ملاوٹی دودھ پکڑ کر قبضے میں لے کر مالکان پر بھاری جرمانے عائد کیے ہیں۔ فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے اس سلسلے میں کاروائیوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز پشاور فوڈ سیفٹی ٹیم نے پشاور موٹر وے ٹول پلازہ پر ناکہ بندی کی اور مختلف خوردنی مصنوعات سپلائی کرنے والی گاڑیوں کی چیکنگ کی معائنے کے دوران ایک گاڑی سے250 لیٹرز ملاوٹی دودھ اور 100 کلو غیر معیاری چکن برآمد کرکے تلف کیا گیا
جبکہ مالکان پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔تفصیلات کے مطابق ایک کارروائی کے دوران فوڈ سیفٹی ٹیم چارسدہ نے ایک گودام پر اچانک چھاپہ مارا اور 300 لیٹرزسے زائد جعلی مشروبات پکڑ کر قبضے میں لے لی گئیں اور گودام سربمہر کرکے فوڈ سیفٹی ایکٹ کے مطابق مزید قانونی کاروائی کا آغاز بھی کیا گیا۔ اسی طرح لوئر دیر کی ٹیم نے تمیرگرہ بازار سمیت شہر کے دیگر حصوں میں کاروائی کرتے ہوئے 25 لیٹرز زائد المیعاد کولڈ ڈرنکس برآمد کر کے تلف کیں، حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر تندور،جوس شاپس اور ہوٹلز پر جرمانے عائد کیے گئے ،اس کے ساتھ ساتھ دودھ اور چکن لانے والی گاڑیوں کے مالکان اور دکان داروں کو فوڈ سیفٹی آگاہی فراہم کی گئی۔
ڈائریکٹر جنرل فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے خوردونوش کی اشیاء میں ملاوٹ کے خاتمے کا اعادہ کرتے ہوئے ہدایت دی ہیں کہ صوبہ بھر میں بازاروں اور دیگر صوبوں سے خوراکی اشیاء لانے والی گاڑیوں کی چیکنگ ہر صورت یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں کسی کیساتھ کوئی نر نہ برتی جائے ۔اس موقع پر وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کو کامیاب کاروائیوں پر داد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملاوٹ مافیا میں ملوث انسان دشمن جیسے عناصر کیخلاف بلا تفریق سخت تادیبی کاروائی جاری رکھی جائے۔