پشاور۔ 24 جون (اے پی پی):خیبیر پختونخوا کے گرم مرطوب اضلاع بشمول پشاور میں گرمی نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کے باعث معمولات زندگی مفلوج رہی، گرمی اور حبس کی وجہ سے شہریوں کے لیے دھوپ میں نکلنا محال ہوگیا اور متعدد شہری بے ہوش ہوگئے۔ پشاور میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 44 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تاہم گرمی 52 سینٹی گریڈ تک محسوس کی گئی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 59 فیصد ریکارڈکیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے میدانی اضلاع میں ہفتہ کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہا جبکہ بعد از دوپہر میدانی علاقوں میں آندھی اور جھکٹر چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ شام کے بعد پشاور، مردان،صوابی، نوشہرہ،چترال، دیر سوات، مانسہرہ کوہستان ، ایبٹ آباد، ہری پور، کرم، بنوں لکی مروت اور کوہاٹ میں جھکٹر چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کے باعث سن و ہیٹ سٹروک کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔