خیبر پختونخوا کی ٹیم نے چھٹی پی بی سی سی بلائنڈ کرکٹ T-20 سپر لیگ 2023 جیت لی

142
پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل برمنگھم میں شیڈول ورلڈ گیمزکےلئے قومی ٹیم کا اعلان رواں ماہ کے آخری ہفتے میں کرے گی

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):خیبر پختونخوا کی ٹیم نے چھٹی پی بی سی سی بلائنڈ کرکٹ ٹی ٹوینٹی سپر لیگ 2023 جیت لی۔ ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں خیبر پختونحوا نے سندھ کو 5وکٹوں سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا. خیبر پختونحوا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر سندھ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی ۔ سندھ کی ٹیم 19.1 اوورز میں صرف 190 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سندھ کی جانب سے بدر منیر ٹاپ اسکورر رہے، انہوں نے 39 گیندوں پر 64 اور ثناء اللہ نے 32 گیندوں پر 44 رنز بنائےخیبر پختونحوا کی جانب سے بابر علی اور اسرار الحسن نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں خیبر پختونحوا نے مقررہ ہدف 17.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ایوب خان 29 گیندوں پر 40 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے جبکہ ریاض خان اور نعمت اللہ نے بالترتیب 38 اور 28 رنز بنائے۔ محمد عرفان نے 2 جبکہ فخر اور بدر منیر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ فاتح ٹیم کےاسرار الحسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.

ڈاکٹر عمر فاروق ڈین ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد، سید سلطان شاہ چیئرمین پی بی سی سی اور صدر ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ، طارق محمود سابق ڈی جی اسپورٹس کے پی کے، بلال خان ڈائریکٹر سپورٹس ایوب میڈیکل کالج، آصف محمود جدون ڈائریکٹر ویمن میڈیکل کالج۔ ایبٹ آباد اور پی بی سی سی کے عہدیداران اس موقع پر مہمان خصوصی تھے اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ایونٹ کے اختتام پر بی ون کیٹیگری میں بلوچستان کے محمد سلمان, آباد بی ٹو میں خیبر پختونحوا کے نثار علی اور بی تھری کیٹیگری میں بلوچستان کے مطیع اللہ کو ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ خیبر پختونحوا کے نثار علی کو ٹورنامنٹ کے بہترین وکٹ کیپر کا اغزاز دیا گیا۔