خیبر پختونخواہ، بالائی پنجاب، کشمیراور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع

95

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخواہ، بالائی پنجاب، کشمیراور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع، ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور پنجاب میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو ئی ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد رہا ہے۔

اس دوران سب سے زیادہ بارش راولاکوٹ 7، مظفر آباد 6، گڑہی دوپٹہ 2، سیدو شریف 4، دیر 3، کالام ایک، مری 4، اٹک 3، اسلام آباد 2، فیصل آباد، خانیوال، اوکاڑہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مالم جبہ 6، مری ایک اور سکردو میں ہلکی برفباری ریکارڈ ہوئی ہے۔ ہفتہ کو ریکارڈ کئے گئے کم سے کم درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق لہہ میں درجہ حرارت منفی14، زیارت منفی11، استور ، کالام منفی 9، گوپس منفی8، ہنزہ منفی 7، مالم جبہ، سکردو منفی 6، قلات منفی 5، کوئٹہ، بگروٹ منفی 4 اور مری میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔