پشاور۔ 01 جنوری (اے پی پی):خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری دودھ بیچنے والوں کیخلاف تین روزہ خصوصی مہم کا اہتمام کیا جس کے دوران سینکڑوں دودھ کے نمونوں کا معائنہ کیا گیا اور نتائج غیر معیاری ثابت ہونے پر ہزاروں لیٹرز دودھ تلف کیا گیا۔ اس سلسلے میں ترجمان فوڈ اتھارٹی نے میڈیا کو تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری دودھ سپلائی کرنے والے ٹینکرز، دودھ فروشوں اور دودھ دوکانداروں کیخلاف تین روزہ خصوصی مہم کا اہتمام کیا جس کیلئے صوبے کے تمام ڈویژنز کی سطح پر متعلقہ اضلاع کیلئے خصوصی انسپکشن ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں
جن کی نگرانی سیکرٹری محکمہ خوراک ظریف المعانی اور ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی شفیع اللہ خان نے خود کی، خصوصی مہم کے دوران فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پہلے دو روز میں موٹرویز کے ٹول پلازوں اور دیگر مین شاہراہوں پر ناکہ بندیاں کیں۔اس موقع پر دودھ ٹینکرز اور دیگر دودھ سپلائی کرنے والی چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، اسی طرح مہم کے تیسرے دن دودھ فروشوں اور دودھ دوکانداروں کی چیکنگ بھی کی گئی۔
اس سلسلے میں ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مہم کے دوران دودھ کے تقریباً 671 نمونے جدید موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب سے چیک کئے گئے اور نتائج غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ آنے پر3 ہزار لیٹر سے زائد دودھ موقع پر تلف کیا گیا اورمالکان پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے، کامیاب تین روزہ خصوصی مہم پر تمام افسران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ دودھ میں ملاوٹ کیخلاف زیرو ٹالرنس پر یقین رکھتے ہیں اور شہریوں اور خصوصاً بچوں کی صحت سے کھلواڑ کرنے والے ملاوٹ مافیا کی بیخ کنی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔