خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی کی رمضان المبارک کی کارکردگی رپورٹ،ایک لاکھ 12 ہزار595 کلومضر صحت اشیاء تلف

88
Khyber Pakhtunkhwa Food Safety
Khyber Pakhtunkhwa Food Safety

پشاور۔ 03 اپریل (اے پی پی):خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران کی جانیوالی کارروائیوں اور کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔رمضان میں فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں خوراک سے وابستہ کاروبار کے 10 ہزار 112 معائنے کیےاور اس دوران ایک لاکھ 12 ہزار595 کلو غیر معیاری ومضر صحت اشیاء ضبط کر کے تلف کی گئیں۔ترجمان نے بتایا ہے کہ سب سے زیادہ پشاور میں ایک ہزار 682 معائنے ہوئے، اس دوران 31 ہزار 242 کلو غیر معیاری و مضر صحت اشیاء ضبط کرنے کے بعد تلف کی گئیں،

ضلع مردان میں 883 معائنوں کے دوران 49 ہزار 485 کلو غیر معیاری اشیاء تلف کی گئیں، جبکہ ضلع بنوں میں 593، ایبٹ آباد میں 559، سوات میں 596، مانسہرہ میں 563 جبکہ ہری پور میں 512 معائنے کیے گئے ۔دودھ ،مشروبات، کوکنگ آئل و بناسپتی گھی، مصالحہ جات اور دیگر خوراکی اشیاء کے 2ہزار 201 نمونوں کی موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب سے ٹیسٹنگ کی گئی، جن میں‌1904 تسلی بخش جبکہ 297 غیر معیاری قرار دیدیئے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 25 کاروبار سیل،

جبکہ تقریباً 15اعشاریہ 75 ملین روپے جرمانے بھی عائد کئے گئے.ترجمان نے بتایا کہ 2ہزار 477 لائیسنسز کی تجدید و اجراء، لائیسنسز کی مد میں تقریباً 9اعشاریہ 64 ملین روپے کی محصولات بھی حاصل کرنے کے ساتھ 1 ہزار 147 خوراکی کاروباروں کو بہتری کے نوٹسز بھی جاری کیے گئے، ماہ رمضان میں 8 تربیتی سیشنز اور 155 آگاہی سیشنز کا انعقاد بھی کیا گیا۔

وزیر خوراک خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو کا اس حوالے سے کہنا تھاکہ صوبے سے غیر معیاری و مضر صحت اشیاء خوردونوش میں ملوث افراد اور کاروباروں کا صفایا ہر صورت یقینی بنائیں گے ، جبکہ شہریوں کی صحت پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔