خیبرپختونخوا میں 48 گھنٹوں کے دوران بارشوں، تیز آندھی ، فلش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے، پی ڈی ایم اے

7
PDMA
PDMA

پشاور۔ 28 جون (اے پی پی):صوبہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران اب تک ہونے والی بارشوں، تیز آندھی ، فلش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث حادثات کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور6 افراد زخمی ہوئے۔ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا کی جانب سے بارش، سیلاب/فلش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث صوبہ میں جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی گئی،

رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 6 مرد ، 5 خواتین اور 8 بچے جبکہ زخمیوں میں 3 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں، رپورٹ کے مطابق بارش کے باعث مجموعی طور پر 56 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 50 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا اور 6 مکمل طور پر منہدم ہوئے، حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع سوات، ایبٹ آباد، چارسدہ،ملاکنڈ،شانگلہ، دیر لوئر اور تورغر میں پیش آئے، رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ ضلع سوات رہا جس میں 13 افراد جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کو فوری طور پر امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، بارشوں کا سلسلہ یکم جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق پی ڈی ایم اے نے پہلے ہی سے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات اٹھانے کےلیے مراسلہ جاری کیا ہوا ہے، پی ڈی ایم اے تمام ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اور امدادی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔