خیبرپختونخوا پولیس اپنے شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، ڈی پی او مانسہرہ

67

مانسہرہ۔ 14 جنوری (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات خان گنڈا پور نے خصوصی طور پر صوبائی حکومت سے شہداءکوٹہ 5فیصد سے بڑھا کر 12.5 فیصد کروایا ،جس پرڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن ناصر محمود ستی نے مانسہرہ پولیس کے 2 شہدائے پولیس کے بچوں کو محکمانہ قواعد و ضوابط مکمل ہونے کے بعد پولیس میں پروبیشنراے ایس آئی بھرتی کرنے کے آرڈر جاری کئے۔ بھرتی ہونےوالے امیدواروں میں ضلع مانسہرہ کے شہید کانسٹیبل ساجد خان کے فرزندسیف ساجد اور شہید کانسٹیبل چن زیب کے فرزندمبشرشامل ہیں۔ ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے شہید کوٹہ پر بھرتی ہونےوالے پروبیشنراے ایس آئیز کو مبارکباد پیش کی ۔

انہوں کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس اپنے شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے بھرتی ہونے والے بھی بھی اپنے شہید عزیز و اقارب کی طرح اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سرانجام دیں گے اور خیبرپختونخوا کا نام روشن کریں گے ۔نئے بھرتی ہونےوالے پروبیشنراے ایس آئی مبشر اور سیف ساجد نے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن ناصر محمود ستی کا شکریہ ادا کیا اور اپنی ڈیوٹی کو عبادت اور عوام کی خدمت کے جذبے سے سرانجام دینے کا عہد کیا۔