28.8 C
Islamabad
منگل, مئی 13, 2025
ہومقومی خبریںخیبرپختونخوا کی پوری حکومت اسمبلی سے دھتکارے ہوئے عمران خان کو اقتدار...

خیبرپختونخوا کی پوری حکومت اسمبلی سے دھتکارے ہوئے عمران خان کو اقتدار میں لانے میں مصروف ہے، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

- Advertisement -

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی پوری حکومت اسمبلی سے دھتکارے ہوئے عمران خان کو اقتدار میں لانے میں مصروف ہے، صوبے کے وسائل عمران خان استعمال کر رہے ہیں۔ پیر کو قومی اسمبلی میں خیبرپختونخوا کے مختلف حصوں میں دہشتگردی کے واقعات کے حوالے سے اراکین کی طرف سے اٹھائے گئے نکات پر وزیر دفاع نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا کو سپرنگ بوٹ بنایا ہوا ہے، صوبے کی تمام تر سہولیات جس میں ہیلی کاپٹر اور پولیس فورس بھی شامل ہے، وہ عمران خان کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔

سابق وزیراعظم کو جب اس ایوان سے عدم اعتماد کے ذریعے دھتکارا گیا تو انہوں نے خیبرپختونخوا میں پناہ لی اور اب صوبائی حکومت کے سارے وسائل ان کے استعمال میں ہیں۔ پرسوں اڈیالہ کے قریب خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹر میں ہی ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب صوبے میں دہشت گردی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، امن و امان کی صورتحال خراب ہے، امن و امان کے حوالے سے اولین ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے اس کے بعد کسی اور ایجنسی یا فورس کی ضرورت پڑتی ہے۔

- Advertisement -

وزیر دفاع نے کہا کہ سوات اور صوبے کے دیگر علاقوں کو نظرانداز کیا گیا ہے کیونکہ صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریاں چھوڑ کر عمران خان کو دوبارہ اقتدار میں لانے کی تگ و دو میں ہے جس سے صوبے کا عام آدمی متاثر ہو رہا ہے۔ اساتذہ کرام پر جو لاٹھی چارج ہوا اس پر ہمیں دکھ ہے، جو لوگ ہمارے بچوں کو پڑھا رہے ہیں ان کے ساتھ اس طرح کا ظالمانہ سلوک نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم حقیقی آزادی کی بات کرتے ہیں تو سب کچھ آڈیو لیکس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ کس آزادی کی بات کر رہا ہے، اس کا اصل اور بھیانک چہرہ قوم کے سامنے آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں جو آگ لگی ہے وہ جان بوجھ کر لگائی گئی ہے، ہماری افواج نے قربانیاں دے کر امن حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی صورتحال پر ایوان میں بحث ہونی چاہیے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=331959

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں