پشاور۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ ملازمین (سروس کے شرائط وضوابط)بل مجریہ2024ءمتفقہ طور پرمنظور کر لیاگیا۔ صوبائی وزیرقانون آفتاب عالم نے 14اکتوبر کو اسمبلی اجلاس کے دوران مذکورہ بل پیش کیا تھا تاہم کوشش کے باوجود بل پاس نہیں ہو سکا تھا۔ بل کی منظوری کے بعدوزیر قانون نے کہاکہ بل کی منظوری کا کریڈٹ موجودہ سپیکرکوجاتاہے جنہوں نے اپنے لامتناہی اختیارات کی قربانی دی ،ٹرم اینڈکنڈیشن کاایکٹ پاس ہونے پر اسمبلی سیکرٹریٹ ملازمین کومبارکباددیتاہوں اسکے علاوہ وزیراعلیٰ ، تمام اراکین اورلاءاینڈکیبنٹ ڈیپارٹمنٹ کاشکریہ اداکرتاہوں جنہوں نے بڑی محنت کےساتھ اس بل کو تیار کیا۔
سپیکرنے کہاکہ اسمبلی کے ایمپلائمنٹ کوریگولیٹ کرنا ضروری تھا 51سال کے بعد اسمبلی سیکرٹریٹ رولز بناکرہم نے سب سے اہم کام کیا، ایوان کے چالیس ممبران،اسمبلی سیکرٹریٹ، لاءڈیپارٹمنٹ،سیکرٹری لاء،مشیرلاء، وزیرقانون،ایڈووکیٹ جنرل ،قومی اسمبلی کی ٹیم نے دن رات کام کیا جس پر آپ سب کوخراج تحسین پیش کرتاہوں ۔ واضح رہے کہ بل کے تحت اسمبلی سیکرٹریٹ میں نئی بھرتیوں کی تخلیق اور خاتمہ کا اختیار سپیکر کے پاس ہوگا، گریڈ 17 یا اس سے اوپر کی آسامیوں پر تعیناتی کے لئے فنانس کمیٹی سے مشاورت لازمی ہوگی ،اسمبلی سیکرٹریٹ میں ایڈہاک اور کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھی بھرتیاں ہوسکیں گی ،بھرتی ہونے والے ملازمین کے پروبیشن دورانیہ 3 ماہ سے بڑھا کر 6 ماہ ہوگا،پروبیشن دورانیہ کے دوران کسی بھی ملازم کو بوجہ فارغ کیا جا سکے گاکسی ملازم کو شوکاز نوٹس کے بغیر نوکری سے برخاست نہیں کیا جا سکے گا،نئے قانون کے بعد کسی ملازم کے خلاف ہونے والی کارروائی کے خلاف عدالت سے رجوع نہیں کیا جاسکے گا۔ بعدازاں ایوان میں وزیرقانون آفتاب عالم نے خیبرپختونخواسروس ٹریبونلز(ترمیمی)بل مجریہ جبکہ وزیراعلیٰ کی طرف سے ایم پی اے ہمایون خان نے خیبرپختونخواجیل خانہ جات(ترمیمی)بل مجریہ2024پیش کئے۔