دبئی ایکسپو2020 میں 23 مارچ کو یوم پاکستان بھر پور انداز سے منایا گیا

71

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):دبئی ایکسپو2020 میں 23 مارچ کو یوم پاکستان بھر پور انداز سے منایا گیا جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور معیشت پر توجہ کے ساتھ نوجوانوں نے موسیقی کی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کیا ۔ایکسپو 2020 دبئی کمشنر جنرل آفس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نجیب محمد العلی نے یو اے ای میں پاکستان کے سفیر افضل محمود اور کمشنر جنرل پاکستان پویلین کا خیرمقدم کیا۔

نجیب محمد العلی نے کہاکہ پاکستان پویلین اپنی قدیم تاریخ، نسل،مذہبی تنوع اور بھرپور مہمان نوازی کو تخلیقی طور پر پیش کرتے ہوئے ملک کے چھپے گوہر وں کو نہ صرف دنیا کے سامنے آشکار کرتا ہے جبکہ سیاحت، تجارت اور سرمایہ کاری جیسے مختلف شعبوں میں ممکنہ مواقع کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان گہرے اور دیرینہ تعلقات ہیں جو اپنے قیام کے بعد سے مزید آگے بڑھ رہے ہیں۔

اس طرح ہمارا مقصد اپنی فروغ پذیر شراکت داری کو مزید فروغ دینا اور اپنے لوگوں کے فائدے اور بہبود کے لیے مشترکہ مفاد کے شعبوں، جیسے کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کار ی کو راغب کرنا، انفراسٹرکچر، مینوفیکچرنگ میں تعاون بڑھانے کے مواقع تلاش کرنا ہے۔

پاکستانی سفیر افضل محمود نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ، وسطی ایشیا، افغانستان اور مغربی چین کے لیے گیٹ وے ہے۔ 5,000 سال سے زیادہ کی تاریخ اور 8,000 میٹر بلند پہاڑی سلسلوں کے ساتھ یہ تہذیب کا گہوارہ اور دنیا کی چھت ہے۔ حکومت پاکستان نے گوادر بندرگاہ اور سی پیک کے ساتھ روابط، مواصلات اور تجارتی سہولتوں کے لیے پاکستان کے محل وقوع سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے پاکستان کے ہمارے خطے میں اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بننے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے 50 سالہ سفارتی تعلقات پر فخر ہے، جو16 لاکھ پاکستانیوں کا گھر ہے۔ یہ پاکستانی نہ صرف دونوں ممالک کی ترقی میں کردار ادا کررہے ہیں بلکہ اقوام کے لیے ایک موثر پل بھی ہیں۔

تقاریر اور پرچم کشائی کی تقریب کے بعد الوصل پلازہ میں نوجوان پاپ سٹار عاصم اظہر اور آئمہ بیگ کی پرفارمنس نے سامعین کو مسحور کن موسیقی سے مظوظ کیا ۔ جشن کی تقریبات بدھ کی شام جوبلی اسٹیج پر دی لینڈ آف کلرز کنسرٹ کے ساتھ جاری ہے، جس میں اظہر، بیگ، لیو ٹوئنز، بیان اور حسن رحیم سمیت نوجوان ٹیلنٹ نے اپنے فن کا مظاہر کیا