دبئی میں غیر قانونی تارکین کے لیے مہلت 30 اکتوبرکو ختم ہو جائے گی، صلاح القمزی

187

دبئی ۔15ستمبر (اے پی پی):دبئی میں غیرملکیوں کے امور کے ادارے کے معاون ڈائریکٹر بریگیڈیئرصلاح القمزی نے کہا ہے کہ امارات میں مقیم ایسے غیرملکی جن کے اقامے ایکسپائرڈ ہیں یا ان کی کمپنیوں نے اقاموں اور ورک پرمٹ کی تجدید نہیں کرائی انہیں دو ماہ کی مہلت دی گئی ہے، جو 30 اکتوبرکو ختم ہو جائے گی۔

امارات الیوم کے مطابق غیرملکیوں کے امور کے ادارے کے معاون ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کے لیے شروع کی گئی اصلاح حال کی مہم میں ان افراد کو ترجیح دی جائے گی جن کے اقامے اور ورک پرمٹ میں ان کی کمپنیوں کی طرف سے تاخیر کے باعث تجدید یا اجرا نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ دبئی میں مقیم ایسے غیرملکی جن کے اقامے ایکسپائرڈ ہیں یا ان کی کمپنیوں نے اقاموں اور ورک پرمٹ کی تجدید نہیں کرائی انہیں دو ماہ کی مہلت دی گئی ہے، جو 30 اکتوبرکو ختم ہو جائے گی۔ مہلت کے دوران غیرملکی اپنے قیام کو قانونی شکل دینے کے لیے متعلقہ ادارے سے رجوع کریں تاکہ انہیں جرمانوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

ڈائریکٹر بریگیڈیئرصلاح القمزی نے کہا کہ یومیہ بنیاد پر ادارے کے اکاؤنٹس پر درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔ بیشترغیرملکیوں کی خواہش ہے کہ وہ اپنے قیام کو قانونی شکل دینے کے بعد امارات میں ہی قیام کریں۔وہ غیرملکی جن کی کمپنیوں یا اداروں کی جانب سے اقامے کی تجدید کسی وجہ سے نہیں کرائی گئی ان کے معاملات کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا تاکہ وہ جلد از جلد دوسری جگہ ملازمت حاصل کرسکیں۔