اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے نیشنل کریکولم کونسل (این سی سی) ونگ کے زیر اہتمام ’’درسی کتب کے جائزہ عمل کو معیاری بنانے‘‘ کے عنوان سے دو روزہ ورکشاپ جمعرات کو کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی۔ اس ورکشاپ کا مقصد درسی کتب کے جائزہ عمل کو بہتر بنانا، نصاب کے نفاذ کو موثر بنانا اور تعلیمی مواد کے معیار کو یقینی بنانا تھا۔ورکشاپ کے دوسرے روز شرکا نے متن کے جائزے اور فارمز کی توثیق کے سیشنز میں بھرپور شرکت کی۔
انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس تربیتی سرگرمی کو انتہائی مفید قرار دیا اور عملی سرگرمیوں سے سیکھنے کے تجربے کو سراہا۔ پروفیسر ڈاکٹر اجمل (علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی) نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی ورکشاپس نصاب کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔اختتامی اجلاس میں وزارت تعلیم کے افسران نے شرکت کی جبکہ جوائنٹ سیکرٹری وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت راجہ رشید خان نے اپنے خطاب میں ورکشاپ کی کامیابی کو سراہا۔
ڈائریکٹر این سی سی ڈاکٹر تبسم ناز نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور ورکشاپ کی کامیابی میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، نیشنل بک فائونڈیشن، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن، فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اور دیگر اداروں کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔