لاہور۔27اگست (اے پی پی):پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے مطابق دریائے ستلج میں ہیڈ اسلام اور گنڈا سنگھ والا کے مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے جبکہ ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، دریائے سندھ میں بھی چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے،باقی تمام دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے اتوار کو جاری رپورٹ میں بتایا کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جہاں پانی کا بہا ئو1 لاکھ 22 ہزار کیوسک ہے، ہیڈ اسلام کے مقام پر پانی کی سطح میں کمی ہو رہی ہے، اس مقام پر پانی کا بہائو 1 لاکھ 35 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کی آمد 1 لاکھ 2 ہزار کیوسک اور اخراج 89 ہزار کیوسک ہے جبکہ دریائے سندھ میں چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے اور دریائے چناب، راوی ا،جہلم میں پانی کا بہائو نارمل ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دریائوں، بیراجز، ڈیمز اور نالہ جات میں پانی کے بہائو کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ دریائوں اور ندی نالوں میں نہانے اور سیر و تفریح سے گریز کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=383059