لاہور۔20اگست (اے پی پی):پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے تاہم وہاں پانی کے بہائو میں قدرے کمی آئی ہے۔ اتوار کو جاری رپورٹ میں ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہا ئو2 لاکھ 78 ہزار کیوسک تھا جوکم ہو کر2 لاکھ 45 ہزار کیوسک پر آ گیا، گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح 22.80فٹ بلند ہے، دریائے ستلج کا سیلابی ریلا اب آگے کی جانب بڑھ رہا ہے، ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہا 1 لاکھ 22 ہزار 687کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔
ترجمان کے مطابق ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر پانی کی سطح 2 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر سکتی ہے، ہیڈ اسلام میں پانی کا بہائو 31ہزار 872کیوسک ہے جہاں 22 اگست سے انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے جبکہ فتح محمد پوسٹ پر پانی کی سطح 17.10فٹ بلند ہوئی ہے۔دوسری جانب سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج سے ملحقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے،
کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کی تیاریاں مکمل ہیں، پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم سے بھی 24گھنٹے مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز سمیت دیہی رپورٹنگ سنٹرز بھی مکمل فعال ہیں۔