لاہور۔23اگست (اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب عمران قریشی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے ستلج کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں، جن کی وجہ سے دریا میں پانی کی سطح میں مزید اضافے کا خدشہ ہے جبکہ آئندہ 3 روز میں دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا بھی خطرہ ہے۔
بدھ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ملحقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ تمام فیلڈ افسران اور انتظامیہ ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ رہیں، ممکنہ بارشوں سے سیلاب کی صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے، ڈی جی پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر سیلاب اونچے سے درمیانے درجے پر آ گیا، جہاں پانی کی سطح میں کمی ہو رہی ہے، گنڈا سنگھ والا کے مقام سے1 لاکھ 18 ہزار 652 کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے، سلیمانکی ہیڈ پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہائو 1 لاکھ 55 ہزار 330 کیوسک ہے، ہیڈ اسلام کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے تاہم پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے،
ہیڈ اسلام کے مقام پر پانی کا بہائو 73ہزار 559 کیوسک ہے، ہیڈ اسلام پر آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔دریائے ستلج کے سیلاب کی وجہ سے قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی، بہاولنگر، ملتان، لودھراں اور بہاولپور کے نشیبی علاقے سیلاب کی زد میں ہیں، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ پنجاب کے دیگر دریائوں میں پانی کا بہائو نارمل ہے تاہم آئندہ 3 روز میں دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=381793