اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نےآرمی پبلک سکول پشاور کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئیں مل کر عہد کریں کہ پوری قوم متحد ہو کر فرقہ ورانہ، مذہبی اور نسلی تعصب پھیلانے والوں، تفرقہ پھیلانے والوں اور اپنے ناپاک سیاسی عزائم کو پورا کرنے کیلئے ایسے ہتھکنڈے اپنانے والوں کے خلاف یونہی کھڑی رہے گی اور اپنی صفوں میں موجود ان عناصر کی نشاندہی کرکے ان کے تدارک میں ریاست کا ساتھ دے گی، میں آج پوری قوم کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ دشمن پاکستانی قوم کے حوصلوں کو کبھی پست نہیں کر سکتا۔
جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کو سات سال مکمل ہونے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن پوری پاکستانی قوم کو اس کرب ناک سانحہ کی یاد دلاتا ہے جب بزدل شر پسند عناصر نے ہماری قوم کے مستقبل، نہتے کم سن بچوں پر حملہ کرکے انہیں شہید کیا۔آج کا دن آرمی پبلک سکول کے ان بہادر اساتذہ کی یاد دلاتا ہے جو اپنے طالبِ علموں کی حفاظت کیلئے دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہوئے اور اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا۔
وقت نے ثابت کیا کہ بے شک دہشتگردی کا کوئی مذہب یا قوم نہیں ہوتی، اس کے پیچھے وہ بزدلانہ سوچ ہوتی ہے جو اپنے ناپاک سیاسی عزائم کو پورا کرنے کیلئے نہتے کم سن پچوں کو بھی استعمال کرسکتی ہے۔ آرمی پبلک سکول کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں۔
اس سانحہ کے بعد بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست ہونے کی بجائے دہشت گردی کے خلاف مزید بلند ہوئے۔ پوری قوم متحد ہوئی اور ہم نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دشمنوں کو ان کے ٹھکانوں میں دھونڈ ڈھونڈ کر نشانہ بنایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں آج پوری قوم کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ دشمن پاکستانی قوم کے حوصلوں کو کبھی پست نہیں کر سکتا۔
پاکستانی قوم کے عزم، حوصلے اور ہمت کو شر پسند عناصر نے جب بھی متزلزل کرنے کی کوشش کی، ان کو منہ کی کھانی پڑی۔ آج کے دن آئیں مل کر عہد کریں کہ پوری قوم متحد ہو کر فرقہ ورانہ، مذہبی اور نسلی تعصب پھیلانے والوں،
تفرقہ پھیلانے والوں اور اپنے ناپاک سیاسی عزائم کو پورا کرنے کیلئے ایسے ہتھکنڈے اپنانے والوں کے خلاف یونہی کھڑی رہے گی اور اپنی صفوں میں موجود ان عناصر کی نشاندہی کرکے ان کے تدارک میں ریاست کا ساتھ دیگی۔ وزیراعظم نےآرمی پبلک سکول کے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہل خانہ کو صبرِ جمیل کی دعا کی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ قائدِ اعظم کا فرمان ہے کہ دنیا میں ایسی کوئی طاقت نہیں جو پاکستان کو نقصان پہنچا سکے۔