فیصل آباد۔ 24 اکتوبر (اے پی پی):گوداموں میں موجود دشمن کیڑے مکئی کی پیداوار کو سخت نقصان پہنچا سکتے ہیں لہٰذا کاشتکار مکئی کی حفاظت کیلئے مناسب زہروں کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ انہیں پیداوار کو نقصان کی صورت میں مالی منفعت سے ہاتھ نہ دھوناپڑیں۔ڈویژنل ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمودنے بتایاکہ جب مکئی کی فصل کو تیاری کے بعد چھلیوں یا دانوں کی صورت میں سٹور کرنے کیلئے گوداموں میں لایاجاتاہے تو وہاں موجود دشمن کیڑے 10سے 15 فیصد تک اور بعض حالات میں اس سے بھی زیادہ پیداوار کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ اکثر اوقات یہ بات دیکھنے میں آئی ہے کہ کاشتکار اس انتظار میں رہتے ہیں کہ انہیں کوئی کیڑا وغیرہ نظر آئے تو وہ مکئی کی حفاظت کیلئے زہروں کا استعمال کریں حالانکہ یہ بہت بڑی غلطی ہوتی ہے کیونکہ جس وقت کیڑاکاشتکار کو نظر آتاہے اس وقت تک اس کی بڑی تعداد خفیہ انداز میں فصل کو بہت زیادہ نقصان پہنچاچکی ہوتی ہے اسلئے ضروری ہے کہ کاشتکار حفظ ماتقدم کے طور پر فصل کی برداشت کے ساتھ ہی گوداموں میں کیڑوں کے خاتمہ کیلئے اقدامات کر لیں۔انہوں نے بتایاکہ دانوں کا پروانہ گوداموں میں مکئی کو سب سے زیادہ نقصان پہنچانے والا کیڑا ہے جس کی افزائش نسل اکتوبر میں ہوتی ہے مگر سردیوں کے موسم میں سنڈیاں دانوں کے اندر چھپی رہتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ یہ سنڈیاں بعد ازاں کویا کی شکل اختیار کرنے، پروانے بننے، انڈے دینے کے بعد اپنی افزائش تیزکرتی ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ یہ سنڈیاں مکئی کے دانوں میں سوراخ کرکے اندر داخل ہو جاتی ہیں جس سے دانہ تباہ ہو جاتاہے۔انہوں نے کہاکہ کھپرا گندم، مکئی، چاول، جوار کوبھی نقصان پہنچاتاہے جو اگر ایک بار کسی گودام میں داخل ہو جائے تو اس سے چھٹکارا انتہائی مشکل ہوجاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار اس ضمن میں مزید معلومات، مشاورت، رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زاعت کے فیلڈسٹاف سے بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=516406