بھاولپور۔ 02 مئی (اے پی پی):چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی صدارت میں بہاول پور میں قومی یکجہتی کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں کمشنربہاول پور مسرت جبیں،آر پی او رائے بابر سعید،ڈپٹی کمشنرڈاکٹرفرحان فاروق،ڈی پی اوحسن اقبال،ڈپٹی کمشنر بہاول نگر ذوالفقار علی بھون،ڈی پی او بہاول نگرحافظ کامران اصغر،ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان خرم پرویز،ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں،قاضی عبدالغفار قادری،مولانا مسعود قاسم قاسمی،مولانا محمد احمد،علامہ ارشد عابدی،مولانا ڈاکٹر مختار احمد ندیم،مفتی فتح محمد راشدی،مفتی عبدالطیف،خواجہ ادریس،مولانا عبدالرؤف ربانی، عبدالعزیز، مولانا حسین علی،مولانا عتیق اللہ بہلوی،مولانا عبدالبصیر حیدری،حاجی عبدالرزاق شائق،مفتی ریاض احمدقریشی، عبدالرسول اشرفی، سردار نجیب اللہ خان،مولانا یوسف کھوسہ،صاحبزادہ سید عبدالقدیر آزاد،صاحبزادہ سید محمد عبدالبصیر آزاد، حاجی غلام حسین قریشی کے علاوہ ڈویژن،ڈسٹرکٹ و تحصیل امن کمیٹیوں سے تعلق رکھنے والے تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام و مشائخ عظام نے شرکت کی۔
سفیرامن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمت عظمیٰ ہے جو اسلام اور کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا۔پاکستان کی سلامتی و تحفظ کیلئے ہم سب ایک ہیں،علماء کرام منبر و محراب کے ذریعے پاکستان میں قومی یکجہتی،امن،مذہبی ہم آہنگی اور ملکی وحدت کو پیدا کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔وطن عزیز پاکستان کی حفاظت کرنا من حیث القوم ہم سب کی ذمہ داری ہے۔علماء کرام منبر ومحراب کے وارث ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کی یکجہتی،وحدت واتحاد کیلئے عظیم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی وانتہا پسندی کا خاتمہ،تشدد سے پاک معاشرہ،احترام انسانیت اور پیغام پاکستان کا فروغ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان،پاکستان کا وہ عظیم بیانیہ اور فتویٰ ہے جس میں فرقہ واریت، دہشت گردی اور خودکش حملوں کو حرام قرار دیا گیا ہے،اورپیغام پاکستان کو ہر گھر کی آواز بنا دیں گے۔مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ مودی پاکستان کو دھمکیاں دینے سے باز آجاؤ،اگر تم حملہ آور ہوئے تو بھارت کا حشر پوری دنیا دیکھے گی۔پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے ہمیشہ بھارت کا ہاتھ رہا ہے جس کے ثبوت پاکستان دنیا کو دکھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سن لے ہم ایٹمی قوت ہیں،بھارتی جارحیت کا جواب پوری قوت سے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ پہلگام حملہ جھوٹ کا پلندہ اور مودی حکومت کی چال ہے،جس کی ہم پُرزور مذمت کرتے ہیں۔بھارتی حکومت ہمیشہ اقلیتوں کو نقصان پہنچانے اور پاکستان کے خلاف سازشوں میں ملوث رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ توڑ کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے،ہم مودی کو اس معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ہمارا ملک ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن ہوتا ہے تو مودی حکومت کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے اگرکسی قسم کی جارحیت مسلط کی توپوری قوم اپنے سپہ سالارجنرل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو منہ توڑ جواب دے گی۔
بھارت اور مودی کا ناپاک ایجنڈا پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے۔مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان کے استحکام اورخوشحالی کیلئے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور سپہ سالار پاکستان حافظ جنرل عاصم منیر کا کردارقابل تحسین ہے،پاکستانی قوم ملک کے دفاع و استحکام کیلئے اپنی بہادر مسلح افواج اور قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔افواج پاکستان و قومی سلامتی کے اداروں نے ملک کے تحفظ اور امن کیلئے اپنی لازوال اور بے مثال قربانیاں پیش کرکے ملک کے دفاع کو مضبوط بنایا ہے۔
وزیر اعظم پاکستان نے پہلگام واقعہ کی عالمی سطح پر تحقیقات کرنے کا جو عندیہ دیا ہے،اس سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے،حکومت پاکستان نے قومی سلامتی کے اجلاس میں بھارت کے حوالے سے جوفیصلے کیے،وہ پوری قوم کی آواز ہے،ہم دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیں گے۔مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست پاکستانی عوام اور اُمت مسلمہ اہل فلسطین اور غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے،ظالم اسرائیل فلسطین و غزہ میں مسلمانوں کا قتل عام کررہا ہے،تمام اسلامی ممالک غزہ و فلسطین پر اسرائیلی حملے اور جارحیت رکوانے کیلئے فیصلہ کن مؤثر کردار ادا کریں۔مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں،وہ شب و روز پنجاب کی ترقی و خدمت میں پیش پیش ہیں جس میں صاف ستھرا پنجاب،خواتین کے حقوق،پنجاب میں تعمیر و ترقی، تعلیم و صحت کی بہترین سہولتیں،مذہبی ہم آہنگی اورامن کے قیام میں ان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، جنہوں نے قومی یکجہتی کانفرنس کو کامیاب کروانے میں ہمارا ساتھ دیا۔
اس موقع پرکمشنربہاولپور مسرت جبیں،آر پی اوبہاولپور رائے بابر سعید اور ڈویژنل انتظامیہ کا بھی شکرگزار ہوں جنہوں نے بھرپور تعاون کیا۔آخر میں کمشنربہاولپور مسرت جبیں،آر پی اوبہاول پور رائے بابر سعید نے خطاب کرتے ہوئےمولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان اور تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام،امن کمیٹیوں کے عمائدین اور شرکاء کا بہاولپور ڈویژن میں قومی یکجہتی کانفرنس میں شرکت کرنے پر شکریہ اداکیا۔ اس مو قع پرملکی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591623