دشمنیاں محض سیاسی اختلافات پر پیدا ہوتی ہیں،تمام سیاسی جماعتوں کو ہمیشہ قومی ایشو پر مل بیٹھنا چاہیے، قمر زمان کائرہ

245
قمر زمان کائرہ

اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاست میں صرف اختلاف رائے کی بنیاد پر دشمنیاں پیدا کی گئیں۔منگل کوایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے آل پارٹی کانفرنس بلانے کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ کسی بھی صورت حال میں تمام سیاسی جماعتوں کو ہمیشہ قومی ایشو پر مل بیٹھنا چاہیے،

انہوں نے کہا کہ پشاور بم دھماکے کے بعد موجودہ حکومت نے قومی مفاد میں اے پی سی بلانے کی کوشش کی لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انکار کر دیا۔پی ٹی آئی کے سربراہ کی نااہلی سے متعلق ایک سوال پر کائرہ نے کہا کہ یہ فیصلہ عدالت کو کرنا ہے، عمران خان کو بھی مقدمات کا سامنا کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے عمران خان پر اداروں کو مخالفین کو سیاسی نشانہ بنانے اور سیاسی انجینئرنگ کے لیے استعمال کرنے کا الزام لگایا۔انہوں نے کہا کہ عمران اپنے سیاسی فائدے کے لیے ہر ادارے کو متنازعہ بنانا چاہتے ہیں۔

صوبائی انتخابات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں، انہوں نے کہا کہ حکومت عدالت ، لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتی ہے، جبکہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ’پی پی پی ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ انٹرا پارٹی مشاورت کے بعد کرے گی۔