دوحہ ۔11دسمبر (اے پی پی):دفاعی چیمپئن فرانس نے چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 1-2 سے ہرا کر فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی اوریلین ٹشوامینی اور اولیویئر گیروڈ نے فرانس کی طرف سے گول سکور کئے،
انگلینڈ کی طرف سے واحد گول ہیری کین نے کیا، سیمی فائنل میں فرانس کو مراکش کا چیلنج درپیش ہو گا، فیفا کے زیراہتمام فٹ بال ورلڈ کپ کے دلچسپ مقابلے قطر میں جاری ہیں،
البیت سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں فرانس نے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔ٹائٹل کا دفاع کرنے والی فرنچ ٹیم میچ پر پوری طرح حاوی رہی،
فرانس کو میچ کے 17ویں منٹ میں اوریلین ٹشوامینی نے گول کرکے برتری دلائی، 54 ویں منٹ میں انگلینڈ کے ہیری کین نے پینلٹی کک پر گول کرکے میچ برابر کر دیا تاہم میچ کے78 ویں منٹ میں فرانس کے اولیویئر گیروڈ نے شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک بار پھر برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
انگلش ٹیم کو میچ میں پینلٹی کک کا ایک اور موقع ملا مگر وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکی، یوں فرانس نے میچ 1-2 سے جیت کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا جہاں اس کا مقابلہ مراکش سے ہوگا۔