دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس ذکریا کی ہفتہ وار پریس بریفنگ

111

اسلام آباد ۔ 06 اپریل (اے پی پی) پاکستان نے تمام ملکوں بالخصوص ہمسایہ ممالک کیساتھ پر امن تعلقات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے جنگی عزائم خطے کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں، پاکستان نے ہمیشہ کشمیر پر ثالثی کا خیر مقدم کیا ہے، پاکستان سرحد پاردہشت گردی کی روک تھام کیلئے اپنی طرف باڑ لگا رہا ہے، افغانستان میں قیام امن اور پراکس جنگ کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر ررہے ہیں،کشمیر کا تنازعہ خطے کی ترقی میں بنیادی رکاوٹ ہے،عالمی برادری بھارت میں مسلمانوں سمیت دیگر مذہبی اقلیتوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لے ۔ان خیالات کا اظہار دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس ذکریا نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ترجمان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال میں پہل نہ کرنے کی بات کی ہے، پاکستان کی تجویزکردہ سٹریٹیجک ریسٹرین ر جیم ایٹمی تصادم سے بچنے کی بہترین حکمت عملی ہے۔کشمیر پر ثالثی کے حوالے سے سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان کشمیر پر ثالثی کی امریکی اور ایرانی پیشکش کا خیر مقدم کرتا ہے ۔اقوام متحدہ کے سابق اور موجودہ سیکرٹری جنرلز نے بھی ثالثی کی پیشکش کی تھی لیکن بھارت نے ہمیشہ کی طرح منفی رد عمل کا اظہار کیا ہے، ہم نے ہمیشہ ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے جنگی عزائم خطے کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ چند روز کے دوران بھارتی قابض فورسز کی فائرنگ اور تشدد سے سوسے زائد کشمیری زخمی ہوئے۔بھارت ان مظالم سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کیلئے مسلسل سیز فائر کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے لیکن پاک فوج انتہائی جرات اور صبر کا مظاہرہ کرتے ہے۔