دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا کی ہفتہ وار پریس بریفنگ

118

اسلام آباد ۔ 18 مئی (اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد کے قریب بعض دیہات کا مشترکہ سروے مکمل کر لیا گیا ہے اور اس کے نتائج کی روشنی میں سرحد کھولنے کا فیصلہ کیاجائیگا ،بھارت کا تیزی سے آگے بڑھتا ہوا جوہری پروگرام جنوبی ایشیاءمیں سٹریٹجک استحکام اور پاکستان کی قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے، علاج کی غرض سے بھارت جانے والے ہر میڈیکل ویزا کیلئے مشیر خارجہ کے سفارشی خط سے متعلق بھارتی اقدام مضحکہ خیز ہے،بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، ریٹائرڈ بھارتی فوجی اہلکاروں اور ہندوﺅں کو مقبوضہ کشمیر میں زمینوں کی الاٹمنٹ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہے، افغان مسئلہ کا فوجی حل ممکن نہیں، صرف بات چیت کے ذریعے ہی پائیدار امن قائم کیا جاسکتا ہے، عالمی عدالت انصاف کو بھارتی را ایجنٹ کے کیس کی سماعت کا کوئی اختیار نہیں، امریکہ کی جانب سے اضافی فوج بھیجنے کا مقصد افغان سکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں اور فوجی تربیت میں اضافہ کرنا ہے۔ یہ بات دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہی۔ بھارت کے پاس 2600 ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری کیلئے ایٹمی مواد کی موجودگی سے متعلق حالیہ رپورٹ کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ دنیا میں بھارت کا تیزی سے آگے بڑھتا ہوا جوہری پروگرام جنوبی ایشیاءمیں سٹریٹجک استحکام اور پاکستان کی قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔