اسلام آباد ۔ 3 فروری (اے پی پی) دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارت کو باور کرایا ہے کہ بھارت اپنے جارحانہ اقدامات اور ظالمانہ طاقت کے استعمال کے ذریعے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو دبانے میں اپنی ناکامی کو قبول کرے۔ ٹویٹر اکاﺅنٹ پر اپنے ایک ٹویٹ میں ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر فوجی جیل میں تبدیل ہو چکا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں دورہ کے موقع پر حریت رہنماﺅں کی گرفتاریاں بھارت کی گھبراہٹ کو ظاہر کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی مسلسل شہادتیں اور گھروں پر چھاپے بھارتی دعوﺅں کو جھوٹا ثابت کر رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے گھروں کے محاصروں اور نظر بندیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ایسے ظالمانہ اقدامات کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو دبا نہیں سکتے۔