دلدار پرویز بھٹی کا یوم پیدائش 30نومبر کو منایا جائے گا

179

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو کے نامور کمپیئر، کالم نگار اور مصنف دلدار پرویز بھٹی کایوم پیدائش ہفتہ 30نومبر کو منایا جائے گا۔

دلدار پرویز بھٹی 30نومبر 1948ء کو گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم بھی وہاں سے حاصل کی۔دلدار بھٹی نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور استادکیا تھا اور ساہیوال کے گورنمنٹ کالج میں لیکچرار تعینات ہوئے۔مختصرعرصے میں سینکڑوں دلوں میں گھر کرنے والے ٹی وی اور ریڈیو کے ہر دلعزیز کمپیئر اپنی حاضر جوابی میں بے مثال تھے

۔ بیک وقت اردو، انگریزی اور پنجابی زبانوں پر عبور ان کی پہچان تھا اور تینوں زبانوں میں برجستہ مزاح ان کی کمپیئرنگ کا خاصہ تھا۔پی ٹی وی کو پنجابی میں پہلا کوئز شو شروع کرنے کا آئیڈیا بھی دلدار پرویز بھٹی نے دیا اور ”ٹاکرا“نامی اس پروگرام سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا۔اس کے علاوہ انہوں نے میلہ، یادش بخیر اور پنجند جیسے مقبول عام پروگرام بھی کامیابی سے پیش کئے۔

دلدار پرویز بھٹی 1974 سے 1994 پی ٹی وی سے منسلک رہے اور اس دوران انہوں نے کمپیئرنگ کو نئی جہتوں سے روشناس کرایا۔ انہوں نے اپنے علم و فراست، شائستگی اور حاضر دماغی سے لاکھوں دلوں میں جگہ بنائی۔انہوں نے تین کتب دلداریاں،آمنا سامنااور دلبر دلبر بھی تحریر کیں۔

دلدار پرویز بھٹی 30اکتوبر 1994ء میں امریکا میں انتقال کر گئے۔ ان کی سالگرہ کے موقع پر علمی و ادبی حلقوں اور شو بز انڈسٹری کی جانب سے منعقدہ تقریبات میں ان کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔