اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو کے نامور کمپیئر، کالم نگار اور مصنف دلدار پرویز بھٹی کایوم پیدائش ہفتہ کو منایا گیا۔دلدار پرویز بھٹی 30نومبر 1948ء کو گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم بھی وہاں سے حاصل کی۔
دلدار بھٹی نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور استادکیا تھا اور ساہیوال کے گورنمنٹ کالج میں لیکچرار تعینات ہوئے۔مختصرعرصے میں سینکڑوں دلوں میں گھر کرنے والے ٹی وی اور ریڈیو کے ہر دلعزیز کمپیئر اپنی حاضر جوابی میں بے مثال تھے۔
بیک وقت اردو، انگریزی اور پنجابی زبانوں پر عبور ان کی پہچان تھا اور تینوں زبانوں میں برجستہ مزاح ان کی کمپیئرنگ کا خاصہ تھا۔پی ٹی وی کو پنجابی میں پہلا کوئز شو شروع کرنے کا آئیڈیا بھی دلدار پرویز بھٹی نے دیا اور ”ٹاکرا“نامی اس پروگرام سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا۔
دلدار پرویز بھٹی 30اکتوبر 1994ء میں امریکا میں انتقال کر گئے۔ ان کی سالگرہ کے موقع پر علمی و ادبی حلقوں اور شو بز انڈسٹری کی جانب سے منعقدہ تقریبات میں ان کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔