دنیا افغانستان کو تنہا چھوڑے گی تو وہاں دہشت گردی اورغذائی قلت جیسے مسائل بے قابو ہوجائیں گے، گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور

90
افتخار علی ملک کی سارک چیمبر کے صدر کے طور پر خدمات اور کامیابیاں قابل ستائش ہیں ،سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور

لاہور۔28نومبر (اے پی پی):گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ دنیا افغانستان کو تنہا چھوڑے گی تو وہاں دہشت گردی اورغذائی قلت جیسے مسائل بے قابو ہوجائیں گے ،اسلامو فوبیا کے خاتمے کیلئے امت مسلمہ کو ایک پیج پر آنا چاہیے ،مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے جتنا کام پاکستان میں ہورہا ہے پوری دنیا میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ،ہم قائدا عظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنا رہے ہیں ۔گور نر ہائوس لاہور سے جاری اعلامیہ کے مطابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور دورہ بر طانیہ کے دوران سکاٹش پار لیمنٹ کی سپیکر الیسن جون سٹون اور اورسیز پاکستانیوں کے وفود سے گفتگو کررہے تھے ۔

سکاٹش پار لیمنٹ کی سپیکر الیسن جون سٹون نے افغانستان سمیت پورے خطے میں امن کے قیام کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کوبھی سراہا ۔گور نر پنجاب نے ملاقات کے دوران کہا کہ افغانستان میں ہر گزرتے دن کے ساتھ حالات خراب ہو رہے ہیں، آج افغان حکومت کے پاس ملازمین کو تنخواہیں دینے اور ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کے لیے بھی پیسے نہیں ہیں،

ان حالات میں عام آدمی کے لیے زندگی مشکل تر ین ہو رہی ہے، ایسے حالات کسی بھی صورت دنیا کے مفاد میں نہیں کیونکہ جب افغانستان میں حالات خراب ہوں گے و ہاں داعش سمیت دیگر دہشت گرد تنظیمیں مزید فعال ہوں گی اور وہاں دہشت گردی کے اثرات صرف افغانستان یا پاکستان ہی نہیں پورے خطے اور دنیاپر بھی پڑیں گے ،اس لیے دنیا کو تمام صورتحال کا فوری نوٹس لینا چاہیے ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان پہلے دن سے افغانستان کے مسائل کے حل کے لیے نیک نیتی کے ساتھ اپنا کردار ادا کر رہا ہے ،آج بھی پاکستان میں4ملین سے زائد افغانی موجود ہیں، وقت آچکا ہے کہ دنیا افغانستان میں انسانی زندگیوں کو بچانے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کر ے کیونکہ بعد میں پھر دنیا کے پاس پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں ہوگا ۔

اورسیز پاکستانیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام میں اورسیز پاکستانیوں کا سب سے زیادہ کردار ہے اور تحر یک انصا ف کی حکومت وعدے کے مطابق اورسیز پاکستانیوں کو نہ صرف ووٹ کا حق دے چکی ہے بلکہ ان کے لیے ہر روز مزید سہولتوں کی فراہمی کے لیے بھی کام رہی ہے، دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو چاہیے وہ جن جن ممالک میں رہتے ہیں وہاں کی سیاست میں بھی زیادہ سے زیادہ سے حصہ لیں تاکہ وہاں بسنے والے اورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو بھی حل کر نے میں مدد مل سکے ۔