دنیا اقوام متحدہ کے بغیر بہتر طریقے سے کام نہیں کرسکتی،منیر اکرم

61
پاکستان کا جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی کم کرنے کے لئے بات چیت پر زور

اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل (ای سی او ایس او سی) کے صدر منیر اکرم نےجنرل اسمبلی میں کثیرالجہتی اور سفارت کاری کے موضوع پر ڈائیلاگ میں اظہار خیال کرتے ہوے کہا کہ اقوام متحدہ کے بغیر دنیا بہتر طور پر کام نہیں کرسکے گی ۔ منیر اکرم جو قوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب بھی ہیں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ تمام اقوام کی نمائندگی کرتی ہے اور تمام اقوام کو ایک ساتھ لے کر چلنے والی تنظیم ہے۔

ای سی او ایس او سی کے رکن ممالک کو درپیش چیلنجوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک واضح حقیقت ہے کہ اقوام متحدہ کی تاریخ کا سب سے سنگین صحت ، معاشی اور معاشرتی بحران "کووڈ۔ 19” ہے اور ہمیں اس بحران سے مل کر نمٹنا ہے جس میں سائنس تو کامیاب ہوچکی ہے لیکن اس حوالے سے یکجہتی کے معاملہ پر دنیا کو اب تک ناکامی کا سامنا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں دنیا کے تمام لوگوں تک ویکسین مساوی اور جلد رسائی کو یقینی بنانا ہو گی اور اس کے لئے ای سی او ایس او سی نے ایک خصوصی اجلاس طلب کیا ہے اور کارروائی کے لئے متعدد سفارشات بھی تیار کی ہیں۔انہوں نے کہا پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانا بے حد ضروری ہے اور اس کے لئے ہمیں یکجہتی کا اظہار کرنے کی ضرورت ہے۔