دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ15 لاکھ سے تجاوز کرگئی، پانچ لاکھ 36ہزار سے زائد افراد ہلاک، مختلف ممالک اور خطوں میں کورونا وائرس کا پھیلائو اب بھی تیزی سے جاری، مریضوں کے اعتبار سے امریکہ پہلے، برازیل دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر پہنچ گیا،

89

واشنگٹن/لندن/ نئی دہلی ۔ 6 جولائی (اے پی پی) دنیا بھر میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ15 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اس مہلک وائرس سے اب تک پانچ لاکھ 36ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ پیر کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک اور خطوں میں کورونا وائرس کا پھیلائو اب بھی تیزی سے جاری ہے، کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 11,563,642 سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ فعال مریضوں کی تعداد4,488,221 ہے۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 536,880 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔کورونا وائرس کے مریضوں کے اعتبار سے امریکہ دنیا بھر میں پہلے ، برازیل دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر ہے جبکہ اموات کے اعداد و شمار میں امریکہ پہلے، برازیل دوسرے اور برطانیہ تیسرے نمبر پر ہے۔ امریکہ میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد30 لاکھ تک پہنچ گئی ہے جبکہ اب تک اس مرض کے باعث ایک لاکھ 32 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ امریکہ میں اس وقت فعال مریضوں کی تعداد 15لاکھ 60 ہزار سے زائد ہے۔ حکام کے مطابق ملک میں اب تک کورونا وائرس کے 2982928 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ برازیل میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 16 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے۔ برازیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 26 ہزار سے زائد نئے کیسز درج کیے گئے۔ برازیل میں کورونا سے اب تک 1604585افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 64900افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔برازیل میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 561070 ہے۔ بھارت میں مہلک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا ہے، ملک میںکورونا وائرس کے24 ہزار سے زیادہ نئے کیس سامنے آنے کے بعد بھارت دنیا بھر میں متاثرہ ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگیا ہے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 24248 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد بھارت میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 698233 ہوگئی ہے۔ بھارت کی مختلف ریاستوں میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 19703ہوگئی ہے۔ حکام کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوںکی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، بھارت میں اس وقت کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 253602 ہے۔ ادھر جنوبی امریکہ کے ملک پیرو میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ ملک میں اس مہلک وائرس سے اب تک 10 ہزار 589 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ادھر پیرو کی وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں اب تک 302718 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پیرو میں اس وقت کورونا وائرس کے فعال مریضوں کی تعداد 98172 ہے۔ دریں اثناء آسٹریلیا کی حکومت نے میلبورن میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے متاثرین کے باعث سب سے زیادہ گنجان آبادی والی ریاستوں نیو ساؤتھ ویلز اور وکٹوریا کے درمیان سرحد کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اطلاق (کل) بدھ سے ہوگا۔