واشنگٹن، ریوڈی جنیرو، نئی دہلی ۔ 19 اگست (اے پی پی) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو کروڑ23 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، اس مہلک وائرس کے باعث اب تک سات لاکھ84ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ بدھ کوامریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور اموات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 22310342 جبکہ فعال متاثرین کی تعداد 6471340 ہے۔ مختلف ممالک میں اب تک کورونا وائرس سے 784397افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد56 لاکھ 55 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ملک بھر میں وائرس کے باعث اب تک ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 5655974 تک پہنچ گئی ہے۔ امریکی محکمہ صحت کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے فعال متاثرین کی تعداد24 لاکھ 70 ہزار سے زائد ہے۔ حکام کے مطابق ملک میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ 3011098 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ ادھر برازیل میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد34 لاکھ 11 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ملک بھر میں وائرس سے اب تک ایک لاکھ10 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ برازیل میں گذشتہ24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ریکارڈ47784 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے مصدقہ مریضوں کی تعداد3411872 تک پہنچ گئی ہے۔ برازیل میں اس وقت کورونا وائرس کے747674 فعال مریض ہیں۔ برازیل کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید1352 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مصدقہ تعداد 110019ہے۔ برازیل کورونا وائرس کے مریضوں اور ہلاکتوں کے اعتبار سے دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ دریں اثناء بھارت میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد27 لاکھ 68 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ملک بھر میں وائرس سے اب تک 53 ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے64 ہزار سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 1092 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ بھارتی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد6 لاکھ 77 ہزار سے زائد ہے۔ ملک میں کورونا وائرس سے سب زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹر ہے جہاں کورونا وائرس کیسز کی تعداد2 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق بھارت میں مجموعی طور پر کورونا وائرس سے متاثرہ 2038585 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔