دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے20 لاکھ 40 ہزار اموات، متاثرین کی تعداد 9 کروڑ 54 لاکھ سے تجاوز کرگئی

56

نیویارک، لندن، نئی دہلی، ریوڈی جنیرو۔18جنوری (اے پی پی):دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے اموات کی تعدد 20لاکھ 40 ہزار تک پہنچ گئیں جبکہ مختلف ملکوں میں مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد9 کروڑ 54 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ پیر کوامریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد95484666 ہے، وائرس سے متاثرہ ملکوں میں اب تک2040153 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کووڈ۔19کے فعال متاثرین کی تعداد25255010 ہے، کورونا وائرس کی وبا سے امریکہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، ملک میں کورونا وائرس کے باعث اب تک مجموعی اموات دنیا میں کسی بھی ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ برازیل کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے لحاظ سے دوسرے اور مریضوں کے حوالے سے تیسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے اعتبار سے دوسرا اور ہلاکتوں کے اعدادوشمار سے تیسرا شدید متاثرہ ملک ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد2 کروڑ44 لاکھ 82 ہزار سے زائد ہوگئی جبکہ ملک بھر میں وائرس سے اموات کی تعداد چار لاکھ7 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد24482050 ہے جبکہ فعال متاثرین کی تعداد9646497 ہے۔ امریکہ میں مہلک وائرس سے ہلاکتوں اور فعال کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا سے اب تک 407202 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ بھارت میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد ایک کروڑ5 لاکھ72ہزار تک پہنچ گئی، ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں مہلک وائرس سے اب تک ایک لاکھ52 ہزار4 سو سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ کورونا وائرس کے مریضوں کے اعتبار سے بھارت دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد10572672ہے جبکہ بھارتی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد209519 ہے۔ حکام کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس سے اب تک 152456افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد اور اموات میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کمی آئی ہے۔ ادھر برازیل میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد84 لاکھ88 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ ملک بھر میں اموات 2 لاکھ9 ہزارسے تجاوز کرگئیں۔ برازیل میں کورونا وائرس کی وبا سے اموات بڑھ کر 209868ہوگئی ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق ملک میں اس دوران کورونا وائرس کے نئے کیسز کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد8488099 ہوگئی ہے۔ برطانیہ میں مہلک کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد89 ہزار 2 سو سے تجاوز کرگئی، ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد33 لاکھ95ہزار سے زائد ہے۔ ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد1771962 ہے۔ برطانیہ کے مختلف شہروں اور علاقوں میں اس جان لیوا وائرس سے اب تک89261 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔