دنیا بھر کی طرح پاکستان میں معذور افراد کا عالمی دن منایا گیا، سرکاری، سماجی و سول سوسائٹی کے اداروں کی جانب سے مختلف تقریبات کا انعقاد

176

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):دنیا کے دیگر حصوں کی طرح پاکستان میں بھی معذور افراد کا عالمی دن جمعرات کو اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ معذور افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں، ان کے حقوق کے تحفظ کے بارے میں شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر سرکاری، سماجی و سول سوسائٹی کے اداروں نے مختلف شہروں میں دن کی مناسبت سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا۔ وفاقی دارالحکومت میں خصوصی افراد کے عالمی دن کی مناسب سے وزارت انسانی حقوق، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور پاکستان بیت المال کی جانب سے ایک تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خطاب کرتے ہوئے خصوصی افراد کو معاشرے کا فعال شہری بنانے کے حوالے سے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب میں خاتون اول بیگم ثمینہ علوی، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری اور پاکستان بیت المال کے ایم ڈی عون عباس بپی بھی موجود تھے۔ تقریب سے پاکستان بیت المال کے ایم ڈی عون عباس بپی نے پاکستان بیت المال کی جانب سے خصوصی افراد کی سہولت کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے شرکاءکو خصوصی افراد کی سہولت کیلئے متعارف کی جانے والی ٹیکنالوجیز کے استعمال اور ان آلات کی پاکستان میں تیاری کیلئے مقامی مینو فیکچررز کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔ پاکستان بیت المال کی جانب سے معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر ڈیرہ بگٹی میں 100 سے زائد معذور افراد کو مصنوعی ٹانگیں لگائی گئیں۔ پاکستان بیت المال کے ترجمان کے مطابق یہ افراد بارودی سرنگوں کی وجہ سے ہمیشہ کے لئے معذور ہو گئے تھے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر مالیاتی اداروں کو کاروبار کی جگہ پر معذور افراد کے لئے خصوصی ریمپ قائم کرنے کی ہدایت کی تاکہ کسی بھی معذوری کا سامنا کرنے والے افراد کو آسان رسائی فراہم کی جا سکے۔ ایس بی پی نے اس حوالے سے تمام مالیاتی اداروں بشمول بینکس، مائیکروفنانس بینکس اور ڈی ایف آئی ایس کو ہدایت کی ہے کہ معذور افراد کے بینکاری کی سہولیات سے استفادہ کے لئے بنیادی ڈھانچہ قائم کیاجائے۔ پاکستان ریلوے نے ضعیف العمر شہری اور معذور افراد کی ای ٹکٹنگ کے ذریعے بکنگ کے لئے طریقہ کار کی منظوری دی جس سے پاکستان ریلوے کے ساتھ رجسٹرڈ ہونے والے ضعیف العمر شہری اور معذور افراد مستفید ہو سکیں گے۔ ڈائریکٹر آئی ٹی کے مطابق وہ تمام ضعیف العمر شہری اور معذور افراد جن کے پاس شناختی کارڈموجود ہے ا±ن کو ای ٹکٹنگ کی سہولت حاصل کرنے کے لئے ریلوے ویب سائٹ www.pakrail.gov.pk سے ای ٹکٹنگ فارم برائے ”ضعیف العمر شہری اور معذور افراد“ کو ڈاون لوڈ کرنا ہو گا یہ فارم متعلقہ بکنگ ریزرویشن دفاتر سے بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ بعد ازاں فارم کے دو سیٹ بھر کر متعلقہ بکنگ/ریزرویشن دفاتر جمع کروائے جائیں گے۔ فارم جمع کرانے کے فوری بعد پاکستان ریلوے سے پہلا ٹکٹ خریدتے ہی ضعیف العمر شہری اور معذور افراد آن لائن رعائت حاصل کرنے کے مجاز ہوں گے۔ اکاونٹ کھولنے کے لئے ضعیف العمر شہری اور معذور افراد کو اپنا نام ، شناختی کارڈ نمبر ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنا ہو گا۔ چاغی میں اسپیشل پرسنز آرگنائزیشن دالبندین چیپٹر کی جانب سے غیر سرکاری تنظیم بی آر ایس پی کے تعاون سے سرکٹ ہاو¿س میں منعقدہ تقریب میں معذور افراد میں وہیل چیئرز تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور دنیش کمار پلیانینے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں جن کی قدر کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہم سب کی بنیادی ذمہ داری بنتی ہے۔ ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی (آئی سی آر سی) نے پاکستان میں جسمانی بحالی پروگرام کی زیرنگرانی سماجی شمولیت اقدام کے تحت خیبرپختونخوا میں معذور افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے پشاور میں منعقدہ تقریب میں 80 معذور افراد کو ویل چیئرز فراہم کیں جبکہ مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے پانچ متاثر کن حصول کاروں کو نقد ایوارڈ بھی دیئے۔ یہ مالی امداد معاشرتی شمولیت کے پہلو کے ایک حصے کے طور پر معذور افراد کو بااختیار بنانے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے فراہم کی گئی۔ خیبر پختونخوا کے اضلاع سوات ، شانگلہ ، باجوڑ ، مہمند ، لوئر اور اپر دیر اضلاع میں وہیل چیئرز کی فراہمی کیلئے مکمل سروے کیا گیا جبکہ مستحق 80 وصول کنندگان کو معاون آلہ استعمال کرنے کی تربیت بھی فراہم کی گئی۔ اسی طرح سندھ میں معذور افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے سوشل ویلفیئر آفس خیبرپور میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا۔ خصوصی افراد کے عالمی دن پر احساس کفالت پالیسی میں توسیع بھی کی گئی جس کے تحت کم از کم ایک خصوصی فرد کے حامل 20 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے۔ معذور افراد کے عالمی دن کو منانے کا آغاز 1992 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں معذور افراد کی داد کرسی کیلئے قرارداد منظور کر کے کیا۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت دنیا ہمیں 650 ملین افراد معذور ہیں عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا میں اس وقت 600 ملین افراد معذور ہیں یعنی دنیا میں ہر دس میں سے ایک شخص معذوری کا شکار ہے۔\